کراچی(صباح نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم رہنما اوروفاقی وزیرامین الحق کو ٹیلی فون کر کے گذشتہ روز کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔
مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر کو نئے بلدیاتی قانون پر بات چیت کی پیشکش کی۔وزیراعلیٰ سندھ اور امین الحق نے واقعہ کو لسانیت کا رنگ نہ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے لسانیت کے حوالے سے بیانات کی مذمت کی گئی۔ واقعہ میں اگر کوئی جاں بحق ہوا ہے تو پوسٹ مارٹم کرانے پر مشاورت ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ اس قسم کے واقعات کسی صورت نہیں ہونے چاہئیں، سیاسی اختلافات کا حل بات چیت اور سیاسی طریقے سے حل کیا جائے، پوسٹ مارٹم کرنے سے موت کا جو بھی سبب ہوگا وہ سامنے آجائے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امین الحق نے ٹنڈوالہیار واقعہ پر حکومتی اقدامات کو اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں واقعہ کی انکوائری کرائوں گا، انکوائری میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ میں زخمی متحدہ ایم پی اے صداقت حسین کو بھی فون کر کے طبیعت معلوم کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔