ماڑی پور میں اراضی الاٹ کیس ،سندھ حکومت سے صنعتی پلاٹس الاٹ کیلئے پالیسی طلب


کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے کراچی کے علاقہ ماڑی پور میں دو ایکڑ اراضی صنعتی مقاصد کے لئے الاٹ کرنے کے حوالہ سے کیس سماعت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے صنعتی پلاٹس الاٹ کرنے کے حوالہ سے پالیسی طلب کرلی۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ بتایا جائے کہ صنعتی پلاٹس الاٹ کرنے کے حوالہ سے کیا پالیسی ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہو گا کہ حکومت آنکھیں کھول کردے رہی ہے یا بند کرکے دے رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ ماڑی پور میں کون سی صنعت لگارہے ہیں، دیکھنا ہو گا کہ وہاں صنعت لگ سکتی ہے یا نہیں، انتہائی قیمتی زمین کس طرح صنعتی مقاصد کے لئے الاٹ کی جاتی ہے اس کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی جائیں۔ کیا یہ جو منصوبہ بن رہاہے اس کا ریاست کو فائدہ بھی ہو گا کہ نہیں ہوگا۔ حاجی محسن نامی شخص کو زمین الاٹ کی گئی ہے، حاجی محسن کی صنعت کے لئے خدمات کے حوالے سے بھی عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ شہر اب ٹول پلازہ تک پہنچ چکا ہے۔ عدالت نے صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلات طلب کر لی ہیں۔جبکہ عدالت نے گلستان جوہر بلاک 15میں کھیل کے میدان پر قبضہ کے حوالے سے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ گلستان جوہر گرین بیلٹ پر تو پورے قبضے ہیں۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکم دیا تھا کہ کراچی میں رفاہی پلاٹس یا گرین بیلٹس کے اوپر جو غیر قانونی تعمیرات ہورہی ہیں ان کے خلاف بھر پورکارروائی کی جائے۔