منی لانڈرنگ کیس ،شہباز شریف ،حمزہ شہباز نے درخواست ضمانت دائرکردی

لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے سپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں درخواست ضمانت دائر کی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے ان کے خلاف شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کا بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے،

خدشہ ہے کہ ایف آئی اے حکام کیس میں انہیں گرفتار کر لیں گے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت عبوری ضمانت منظور کر کے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکے۔سپیشل سینٹرل کورٹ نے عبوری ضمانت دینے سے قبل  شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بینکنگ جرائم کورٹ سے ضمانت کی درخواست واپس لینے کا حکم دے دیا۔

فاضل جج نے کہا کہ بینکنگ جرائم کورٹ میں دونوں ملزمان کی ضمانتیں زیر سماعت ہیں، قانون اجازت نہیں دیتا کہ ایک مقدمے کی دو مختلف عدالتوں میں ضمانتیں بیک وقت سنی جائیں ،بینکنگ جرائم کورٹ کا آرڈر لیکر آئیں پھر میری عدالت ضمانت دے گی۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری درخواست ضمانتوں پر کارروائی ملتوی کردی۔