خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں اسماعیل ھنیہ کے بیٹوں، پوتوں پوتیوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی


 پشاور (صباح نیوز)قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی اپیل پر ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی عید کے دن فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے بیٹوں، پوتوں پوتیوں اور غزہ کے دوسرے شہدا کی وحشیانہ اسرائیلی بمباری میں شہادت پر غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے دارالعلوم الاسلامیہ بیرون ہوید گیٹ بنوں میں غائبانہ نمازِ جنازہ کی امامت کی۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ 7 اکتوبر سے آج تک غزہ کے لوگوں پر اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت جاری ہے جس سے چالیس ہزار سے زائد افراد بچے، بوڑھے اور خواتین شہید ہو چکے ہیں ، اسرائیل نے حماس سے جنگ کے بہانے عام آبادی کو نشانہ بنایا۔ غزہ کو عید کے روز بھی نہیں بخشا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حماس کے رہنما اسماعیل ھنیہ کے تین بیٹے اور تین پوتے غزہ کی جنگ میں شہید ہوئے۔ بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر اسماعیل ھنیہ کا صبر اور حوصلہ قابلِ داد ہے۔ انہوں نے فلسطین کے شہدا کی شہادت کی قبولیت، شہدا کے پاک خون کے طفیل فلسطین کی آزادی اور حکمرانوں اور جرنیلوں کو مظلوم فلسطینیوں کی مدد کی توفیق کی دعا کی۔ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے جامعہ مفتاح العلوم ہشنغرو کلے شیر گڑھ مردان میں غائبانہ نمازِ جنازہ پڑھائی۔ نمازِ جنازہ میں علاقہ عمائدین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عبدالواسع نے اپنے خطاب میں فلسطین کی حالت زار پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا۔

اپنے خطاب میں عبدالواسع نے کہا کہ فلسطینی بالخصوص غزہ کے لوگ کئی عشروں سے قابض اسرائیلی فوج کے ظلم و ستم کا شکار ہیں،7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی شروع کر رکھی ہے۔ غزہ کے لوگوں کی ایک پوری نسل کو شہید یا زخمی کر دیا گیا۔ اقوام عالم کی غزہ کی صورتحال پر خاموشی مجرمانہ ہے، امریکہ اور یورپی ممالک کی طرح مسلم ممالک کے حکمران بھی غزہ کے مظلوم عوام کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں۔ امریکہ اور کئی یورپی ممالک تو اسرائیل کی کھل کر ہر قسم کی مدد کر رہے ہیں لیکن مسلم ممالک کے حکمرانوں نے امریکہ کے خوف سے غزہ کے مسئلہ پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ انہوں نے اسماعیل ھنیہ کے عزم و ہمت کو داد دی اور ان کے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر ان کے لئے دعا کی۔ جامعہ احیا العلوم بلامبٹ اور ثمر باغ دیر لوئر میں بھی اسماعیل ھنیہ کے بیٹوں، پوتوں اور دیگر شہدا کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی، اسی طرح ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر مرکز اسلامی کی مسجد میں غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں امیر ضلع عبدالرزاق عباسی اور علاقہ کے عوام نے شرکت کی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کیں۔

جماعت اسلامی ویلج کونسل وزیر گڑھی ضلع نوشہرہ کے زیرِ اہتمام بھی فلسطینی شہدا کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی، نمازِ جنازہ مولانا گوہر رحمان نے پڑھائی اور غائبانہ نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں بھی غزہ کے شہدا کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ ضلعی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسماعیل نے پڑھائی جبکہ امیر ضلع و تحصیل چیئرمین حاجی عزیز اللہ خان مروت سمیت جماعت اسلامی کے کارکنان اور علاقہ عوام نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی اپیل پر صوبے کے دوسرے حصوں میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ کے شہدا کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔