ایم کیوایم اپنے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی، امین الحق


کراچی (صباح نیوز)ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن اور وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیوایم اپنے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام مظاہرے پر امن رہے، کراچی کی ریلی بھی پر امن تھی، ہم دنگا فساد کرنے وزیرِ اعلی ہائوس نہیں گئے تھے، ہمارے کارکنوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا، پولیس کی جانب سے ہماری خواتین کارکنوں پر بھی تشدد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ہائوس کی جانب سے ہم سے کوئی مذاکرات کرنے نہیں آیایہاں تک کہ نیو کراچی سیکٹر کے آرگنائزر اسلم بھائی کاانتقال ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ اسلم بھائی کے انتقال کے بعد یومِ سیاہ کو یومِ سوگ میں تبدیل کیا، منتخب ایم پی اے کے ساتھ زیادتی کریں گے تو ری ایکشن کی توقع رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، اس کے دروازے تمام دھڑوں کے لیے کھلے ہیں۔