سرینگر:جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) نے ممتاز مزاحمتی رہنماوں اشفاق مجید وانی، شبیر صدیقی، بشارت رضا اور دیگر شہداکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بھارتی فوجیوں نے اشفاق مجید وانی کو 30مارچ 1990 کو سرینگر میں شہید کیا تھا۔فوجیوں نے شبیر صدیقی ، شفیع میر، مبارک لون، مدثر لون، اقبال صوفی، محمد حنیف، ناصر، بشیر احمد خان، داود خان، محمد سکندر خان، عبدالمجید میر، بشیر احمد حاتم، عارف، گلاب خان، ریاض خان، عبدالرشید ریشی، عبدالرشید میر، منظور احمد خان، مظفر احمد خان، بشیر احمد خان، غلام احمد بٹ اور محمد عمران کو 30مارچ1996کو سرینگر کے علاقے درگاہ حضرت میں شہید کیا تھا۔ فوجیوں نے 24مارچ1996کو جے کے ایل ایف کے بشارت رضا، سلمان یاور عرف مشتاق ملک، دلاور خان، وسیم کرنل، ٹیپو سلطان، مشتاق صوفی، نصیر الدین، سلمان عبدالرشید شاہ، سجاد احمد اور میر اکبر کو شہید کر دیا تھا۔
تنظیم کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے ایک بیان میں تمام شہداکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداکی عظیم قربیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ شہداکی بیش بہا قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے ۔ محمد رفیق ڈار نے شہداکے مقدس مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوںنے ڈاکٹر عبدالاحد گورو شہید کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے بھی شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ بیان پر رد عمل دیتے ہوئے اسے گمراہ کن قرار د یتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے میں پائیدار امن و ترقی کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارتی فوجیوں کا مکمل انخلااور تمام کالے قوانین کی منسوخی ناگزیر ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ بیان کو گمراہ کن قرار دیا جس میں انہوںنے کہا تھا کہ ان کی حکومت جموںوکشمیر میں نافذ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کو منسوخ کرنے اور علاقے میں تعینات فورسز اہلکاروں کی تعداد میں کمی لانے پر غور کر رہی ہے۔حریت ترجمان نے کہا کہ بھارتی رہنما ایک طرف کالے قوانین منسوخ کرنے کی بات کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف ان قوانین کا بے دریغ استعمال جاری رکھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں عملاً مارشل لا نافذ ہے اور قابض بھارتی فورسز کی طرف سے بیگناہ کشمیریوں کا قتل، بلا جواز گرفتاری، خواتین کی بے حرمتی اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کامذموم سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کا یہ ہمیشہ موقف رہا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اس وقت تک ختم نہیں ہونگی جب تک بھارت عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے سے اپنی فورسز کا مکمل انخلانہیں کرتا۔