فلسطین اور کشمیر کی آزادی سے ہی عالمِ اسلام محفوظ ہوگا،لیاقت بلوچ


میرپور (صباح نیوز)قائم مقام امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی سے ہی عالمِ اسلام محفوظ ہوگا،جموں و کشمیر کے عوام متحد رہیں، بے لوثی، جانفشانی، محنت سے جدوجہد جاری رکھیں، آزادی کشمیر کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، حکومت، مقننہ، سِول انتظامیہ اور عسکری ادارے آئین کی پابندی کریں اور آزاد عدلیہ کے بنیادی حق کو تسلیم کریں۔

میرپور آزاد کشمیر میں یومِ بدر پر عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین و کشمیر عالمِ اسلام کی رگِ جاں ہیں، فلسطین اور کشمیر کی آزادی سے ہی عالمِ اسلام محفوظ ہوگا۔ غزہ میں اسرائیلی صیہونی ظلم و جبر انسانوں کا بے دریغ قتلِ عام اور جموں و کشمیر میں مودی فاشزم انسانیت سوز اور انسان کشی کے اقدامات ہیں، اقوامِ متحدہ کی جنگ بندی کی دوسری قرارداد پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جارہا، جموں و کشمیر کے عوام متحد رہیں، بے لوثی، جانفشانی، محنت سے جدوجہد جاری رکھیں، آزادی کشمیر کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، لاکھوں مخلص اور آزادی کے مجاہدوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی قیادت، پالیسی ساز کشمیریوں کو پاکستان سے مایوس ہونے سے بچائیں اور سیاسی، سفارتی، عالمی اور عسکری سطح پر مضبوط غیرمتزلزل اور دلیرانہ کردار ادا کریں، آزاد کشمیر کی دینی اور سیاسی قیادت بیس کیمپ کو حقیقی معنوں میں آزادی کی تحریک کا موثر مرکز بنائیں۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، جماعت کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لئے اپنا قومی کردار ادا کرے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر آئین، قومی سلامتی کے لیے سیاسی اور اقتصادی استحکام ناگزیر ہے۔ ملک میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، آخر غلطی، خرابی، کمزوری کہاں ہے جس کی وجہ سے دہشت گردی ایک اژدھا بن کر انسانی جانوں کو نگل رہا ہے؟ ریاست جوابدہ ہے۔

لیاقت بلوچ نے عدلیہ کی بے بسی اور دبائو کی کیفیت پر کہا کہ حکومت، مقننہ، سِول انتظامیہ اور عسکری ادارے آئین کی پابندی کریں اور آزاد عدلیہ کے بنیادی حق کو تسلیم کریں۔ طاقت ور طبقہ قانون اور انصاف کو طاقت سے اپنے حق میں کرلینے کی روِشِ خبیثہ کو ترک کردے ۔ عدلیہ کی آزادی کے لیے خود عدلیہ کو جوہری، جرآتمندانہ آئینی کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ کام ججز کے لئے بڑا امتحان ہے۔

لیاقت بلوچ نے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشام دہشت گردی کے مجرم آہنی برادر ملک چین اور پاکستان کے مشترکہ دشمن کے آلہ کار ہیں، بجلی، گیس، پٹرول مہنگا ترین اور آئی ایم ایف کی کڑی، بدترین شرائط کے ساتھ ٹیکسوں کا اندھا دھند نفاذ معاشی بحران اور تباہی کو مزید گہرا کردے گا۔ نوجوان ملک کا حقیقی مستقبل ہیں۔ نوجوان سوشل میڈیا کے اندھے سحر سے باہر آئیں اور ملکی تعمیر و ترقی کے لئے مثبت ذہن کیساتھ کردار ادا کرتے ہوئے میدانِ عمل میں آگے بڑھیں، مستقبل ان کا ہے۔