اسرائیلی فورسز کے المغازی کیمپ اور رفح سٹی پر حملے، 20 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی


 غزہ(صباح نیوز)  اسرائیلی فورسز نے غزہ میں المغازی کیمپ پر بمباری کے نتیجے میں 8 فلسطینی شہید درجنوں زخمی جبکہ اسرائیلی فورسز کی رفح سٹی میں کارروائی میں12 شہری شہیدہوگئے،قابض اسرائیلی فوج کامغربی کنارے میں چھاپوں کاسلسلہ بھی جاری ہے، صیہونی فورسز نے 18فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں القسام اور القدس بریگیڈز نے جوابی کارروائی کی ، الشفا ہسپتال کے اطراف میں اسرائیلی فوجیوں کومارٹرگولیوں اورراکٹوں سے نشانہ بنایا،حملوں میں کئی اسرائیلی ٹینک تباہ ہوئے۔

حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں شدت کے بعداسرائیلی فوج کی اچانک بڑی فوجی مشق کا آغازہوگیا،اسرائیلی فوج کاکہنا ہے کہ مشقوں میں تمام ڈائریکٹوریٹس، آپریشن ڈویژنز،جنرل اسٹاف اور ونگز شریک ہوں گے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ سرپرائزمشقوں کامقصد شمال میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کومضبوط کرنا تھا۔ غزہ میں قحط کی صورت حال برقرار ہے،خوراک اور صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث بیماریاں پھیلنے کی شرح میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے پابند ہیں، غزہ میں امداد کی فراہمی کیلئے نئے اقدامات کو فروغ دیں گے۔علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے شمالی غزہ میں قحط کے شدید خطرے کا انتباہ جاری کردیا۔ورلڈ فوڈ پروگرام کا زور دے کر کہنا ہے کہ قحط سے بچنے کیلئے انسانی امداد میں اضافے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب بیلجیئم کے وزیر کیرولین جینز کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر بین الاقوامی دبا ؤبرقرار رکھا جانا چاہیے۔