بدترین دھاندلی کے نتیجے میں بدعنوان ٹولہ ایک بارپھرعوام پرمسلط کردیا گیا،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ بدترین دھاندلی کے نتیجے میں بدعنوان ٹولہ ایک بارپھروفاق اور پنجاب پرمسلط کردیا گیا ، عوام کے ووٹ کی تذلیل کرکے مافیاز کو مسلط کرناحب الوطنی نہیں،حکمرانوں کا ذاتی مفادات ،اپنی تجوریاں بھرنے اور خاندانوں کو نوازنے کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں۔عوام مسائل اور ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں اورحکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں ۔ حکمران جماعتوں نے الیکشن مہم میں بلندوبانگ دعوے کئے اب آئی ایم ایف کے اشاروں پرمداری کے بندربنے ہیں ،بجلی ،گیس،پیٹرول سمیت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان تک پہنچانے والے ملک وقوم کے دشمن ہیں ۔کرپشن کے خاتمے اوردیانتدارحکمرانوں کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں،جماعت اسلامی مظلوم عوام کے ساتھ مل کر کرپٹ مافیاز سے نجات کی جنگ جاری رکھے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میںمنصوبہ عمل 2024-25سمیت دیگرامورکی منظوری دی گئی ۔غزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمان سے اظہاریکجہتی او رحمایت کے عز م ،پاکستان او رپنجاب کی سیاسی صورتحال سمیت الیکشن میں بدترین دھاندلی کے ذریعہ مافیاز کو عوام پر مسلط کرنے کے خلاف قراردادیں منظورکی گئیں۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امرائے صوبہ حافظ تنویراحمد،قاضی محمدجمیل ودیگرصوبائی ذمہ داران اور صوبے بھرسے اراکین شوری نے شرکت کی ۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ غزہ میں فلسطینی  مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے، بچوں اور خواتین سمیت نہتے شہریو ں کو شہید کیاجارہا ہے، مساجد ،ہسپتالوں اور ایمبولینسوں پر آگ اوربارود کی بارش برسائی جارہی ہے،ان مظلوموں کے حق میں بات کرنا اسلامی جمہوریہ پاکستان میں جرم بنادیا گیا، بے حس اور بے حمیت حکمران امریکہ او راسرائیل سے خوفزدہ ہوکرعالمی طاغوت کے اشاروں پر غزہ کے حق میں احتجاج کرنے والوں پرمقدمات قائم کررہے ہیں۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ صوبوں میں الگ جماعتوں کی حکومتیں ہیں لیکن آئی ایم ایف کی غلامی پرسب اکٹھے ہیں سودی نظام کی وجہ سے برکت ختم ہوچکی معاشی تباہی کی وجہ سے عوام بھوک سے مررہے ہیں ،نیم مردہ عوام پر نااہل حکمران مزید ٹیکس لگارہے ہیں ،جماعت اسلامی اقتدارکی خواہش نہیں رکھتی ہماری جدوجہد عام آدمی کے حالات بدلنا اوراسلامی ریاست میں آئین پاکستان کواس کی حقیقی روح کے مطابق نافذ کرنا ہے جس دن آئین کا نفاذ ہوگیا نظام مصطفے ۖکے قیام میں تمام رکاوٹیں ختم ہوجائیں گے اور ملک میں خوشحالی آجائے گی۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اہل فلسطین و کشمیر کا مقدمہ پوری جرأت سے لڑ رہی ہے، جمعة الوداع 25رمضان المبارک کوپنجاب سمیت پاکستان بھرمیں غزہ القدس ریلیوں کے ذریعے غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہاریکجہتی اور حمایت کا عزم کیا جائے گا ۔