اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران کیسز کی سماعت کے لئے کل 9بینچز تشکیل دے دیئے گئے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں یکم مئی بدھ کے روز یوم مزدور کے موقع پر عام تعطیل ہو گی ۔آئندہ عدالتی ہفتے کے لئے جاری کاز لسٹ میں یکم مئی کو کوئی بینچ کیسز کی سماعت نہیں کرے گا۔
تشکیل دیئے گئے بینچز میں ایک 6رکنی لارجر بینچ، 4تین رکنی ریگولر بینچ، ایک 3رکنی خصوصی بینچ اور 3دورکنی بینچ شامل ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ ، جسٹس مسرت ہلالی اورجسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 6رکنی لارجر بینچ 30اپریل بروز منگل دن ساڑھے11بجے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6ججز کی جانب سے25مارچ2024کو سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کے حوالے سے لئے گئے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔ ازخودنوٹس کے ساتھ دائر ہونے والی دیگر9درخواستیں بھی سماعت کے لئے مقررکی گئی ہیں۔ درخواستیں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اسد منظور بٹ،،پاکستان بار کونسل کے 6ممبران، بیرسٹر چوہدری اعتراز احسن، میاں دائود ایڈووکیٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر،اور ایڈیشنل سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان شہبازعلی خان کھوسہ کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔درخواستیں فریق بننے کی اجازت دینے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6ججز کے خط پر جوڈیشل انکوائری کروانے کے لئے دائر کی گئی ہیں۔
درخواستوں میں وفاق پاکستان کو سیکرٹری قانون ونصاف، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اوردیگر کی وساطت سے فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر منصور عثمان اعوان کو نوٹس بھی جاری کیا گیاجبکہ چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں جسٹس عرفان سعادت خان اورجسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل تین رکنی بینچ سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 1میں سوموار 29اپریل سے 3مئی جمعہ کے روز تک اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ 29اور30اپریل کو سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 2میں کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں جسٹس شاہد وحید پر مشتمل دورکنی بینچ 29اپریل بروز سوموار سے 3مئی بروز جمعہ تک سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر3میں مختلف اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اورجسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل تین رکنی بینچ 29اپریل بروزسوموار سے 3مئی بروز جمعہ تک سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 4میں مختلف اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی اورجسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل 3رکنی بینچ 29اور30اپریل کو سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 5میں اہم نوعیت کے فوجداری مقدمات کی سماعت کرے گا جن میں سزائے موت اورعمر قید کے ملزمان کی اپیلیوں کے ساتھ ساتھ، ضمانت قبل ازگرفتاری اورضمانت بعد ازگرفتاری کے کیسز بھی شامل ہیں۔ جسٹس سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میںجسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 2رکنی بینچ سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 2میں 2اور3مئی کو اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل 2رکنی بینچ 2اور3مئی کو سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 5میں اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت کرے گا۔ 6رکنی لارجر بینچ کے بعد 30اپریل بروزمنگل سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل اورجسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ چائنہ موبائل پاکستان لمیٹڈ (CMPAK/Zong)، اسلام آبادکی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)اور پی ٹی اے کی جانب سے چائنہ موبائل پاکستان لمیٹڈ ، اسلام آباد کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف دائر 6درخواستوں پر سماعت کرے گا۔دوران سماعت وفاق پاکستان کی جانب سے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اوردیگر فریقین کی جانب سے سلمان اکرم راجہ،مصطفی رمدے،سلمان منصور، جہانزیب اعوان اوردیگر بطور وکیل پیش ہوں گے ۔