سرینگر— مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلی وپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے پر بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
محبوبہ مفتی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ کے اقدامات انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں اور کارکنوں کے اہلخانہ کو ان کے سیاسی نظریے کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
محبوبہ مفتی کا یہ بیان ان خبروں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ بھارت حکومت کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کے اہلخانہ کو ڈرااور دھمکارہی ہے کہ وہ حریت کے نظریے سے علیحدگی اختیارکرنے کے بیانات جاری کریں۔
محبوبہ مفتی کی مذمت کشمیری عوام اور بھارتی حکومت کے درمیان کشیدہ تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے۔ ا سے علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی جبرکی بھی عکاسی ہوتی ہے۔