اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نویں پاکستان سپر لیگ 2024 جیتنے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کا کھیل پوری قوم کو متحد کرتا ہے، پی ایس ایل کی بدولت پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد ملی ہے، حکومت ملک میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کیلئے پرعزم ہے ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ فائنل میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا یہ کسی ایک ٹیم کی نہیں پاکستان کی جیت ہے ۔وزیراعظم نے نویں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ، سیکیورٹی فورسز ، انتظامیہ، دیگر تمام منتظمین اور شائقین کرکٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری سیریز میں شاندار مقابلے اور بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ دیکھنے میں آئی ۔پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے خصوصی طور پر ممنون ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پی ایس ایل نے نہ صرف کرکٹ شائقین کو بہترین تفریح مہیا کی ہے بلکہ گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ کی کھوج میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی بدولت پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد ملی ہے۔وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاکہ حکومت ملک میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کیلئے پرعزم ہے ۔ واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو2 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا،
میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ نے 160 رنز کاہدف مقررہ 20 ویں اوورکی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔عماد وسیم کو آل رائونڈکارکردگی پر میچ جبکہ فاتح ٹیم کے کپتان شاداب خان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔میچ کے آغاز سے پہلے ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کوآتش بازی کے درمیان ریڈ کارپیٹ پر سے گذارا گیا۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گرائونڈ میں رکھی گئی پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی کے سامنے سے گزر کرصف بنائی، اس موقع پر قومی ترانہ کی دھن بھی بجائی گئی۔سٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ سمیت تمام لوگوں نے قومی ترانہ احتراما کھڑے ہوکرسنا۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں پیر کی شب ملتان سلطانز اوراسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یاسر خان اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹد کی طرف سے نسیم شاہ نے بائولنگ آٹیک کیا۔ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بناکر اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ میں کامیابی کے لئے 160 رنز کا ہدف دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی وکٹیں بھی مسلسل گرتی رہیں اور میچ سنسنی خیز ہوتا گیا لیکن عماد وسیم اور نسیم شاہ کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ بلے بازی نے اسلام آباد کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز کا ہدف آخری گیندپر حاصل کرلیا اور ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں سیزن کی چیمپئن بن گئی۔ عماد وسیم 19 رنزبناکرناقابل شکست رہے اور ان کو آل رائونڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مایہ ناز آل رائونڈر شاداب خان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پی ایس ایل کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ ملتان سلطانز کے عثمان خان کو دیا گیا، پی ایس ایل 9 کے بہترین بائولرکا ایوارڈ ملتان سلطانز کے اسامہ میر کے نام رہا،جبکہ بہترین وکٹ کیپر اعظم خان قرار پائے۔تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں بیٹھ کر میچ دیکھا اور بہترین کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پی ایس ایل سیزن نائن کی ٹرافی اٹھاکر جشن منایا اور شائقین کرکٹ کے نعروں کا جواب دیا۔