عمران خان کسی کے لئے خطرناک نہیں،اب اُن کے آخری ایام ہیں،رانا ثناء اللہ خان


فیصل آباد( صباح نیوز )مسلم لیگ ن پنجاب کے صد ر اورسابق صوبائی وزیرقانون  رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کسی کے لئے خطرناک نہیں اپنی حکومت گرنے اورکنٹینرپرچڑھنے کی دھمکی کا الٹراسائونڈ ہوچکاہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اب اُن کے آخری ایام ہیں وہ اقتدارسے خودنکلنے یاجمہوری طریقہ سے نکالے جانے کے بعدبنہ گالہ یا سڑکوں پرنہیں جیل جائیں گے۔

ساڑھے تین سال میں اُنہوں نے اپنی جماعت توکیاملکی معیشت کابھی بیڑہ غرق کیاہے۔اوپزیشن سے متعلق اُن کی خواہش پوری نہیں ہورہی اس لئے اُنہوں نے  نظام انصاف کے نام پرعدلیہ اورمیڈیاپر جارحانہ تنقید کی جبکہ ادھراُدھرسیاسی رخ تبدیل کرنے والے اپنے ارکان کوبھی تھریٹ کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن علماء مشائخ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ حافظ محمد امجد کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے دعویٰ کیاکہ عنقریب پی ٹی آئی میں بہت بڑی بغاوت ہونے والی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ موجودہ کرپٹ اور سلیکٹڈ حکومت کا بوریا بستر گول کرنے کے لئے قوم کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ حکومت داخلہ وخارجہ تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔ وفد میں خالد محمود اعظم آبادی، مولانا فضل رسول، پیر شاہدالقادری، حافظ عمر فاروق ارشد، پیر عبدالستار، صاحبزادہ حافظ نعمان شاہ، حاجی نذیر احمدو دیگر شامل تھے۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ سیاست دین سے جدا نہیں ہے ہمارے پیارے آقا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دنیا کے سب سے بڑے سیاستدان تھے۔

لہذا علماء کرام اور مشائخ عظام کو ملک و قوم کی صحیح رہنمائی کے لئے میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔ حافظ محمد امجد سمیت دیگر شرکاء وفد نے رانا ثناء اللہ کو یقین دلایا کہ ان شاء اللہ عنقریب ڈویژن کے تمام اضلاع میں جید علماء کرام مشائخ عظام کی مشاورت سے تنظیمی ورک مکمل کر کے بھرپور اجلاس بلایا جائے گا،پاکستان کو امن و امان کا گہوارہ بنانے فرقہ واریت اور انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے علماء و مشائخ کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، جس طرح ملک بنانے میں کردار ادا کیا تھا آج اس کو بچانے کے لیے ممبر و محراب سے صدائیں بلند کرنا ہوگی۔