سری نگر:جنوبی کشمیر میں بھارتی فورسز کے اہلکار نے خود کشی کر لی ہے ۔ضلع شوپیاں میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خودکشی کر لی ہے۔ ڈی سی شوپیاں کی رہائش گاہ پر بطور سنتری ڈیوٹی انجام دینے والے بی ایس ایف اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کرخودکشی کر لی ۔بھارتی پولیس کے ایک اہلکار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بی ایس ایف اہلکار کی خودکشی کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق یاد رہے کہ اس سے قبل بھی جموں و کشمیر میں ڈیوٹی پر تعینات فوجی، نیم فوجی دستوں اور پولیس اہلکاروں میں خودکشی، برادر کشی اور حرکت قلب بند ہونے سے اموات کے بڑھتے کیسز آفیشلز سمیت سکیورٹی ایجنسیز کے لیے تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں وکشمیر میں تعینات سکیورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔واضح رہے کہ کشمیر میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں کے گھر سے دور رہنے اور مسلسل دبا میں رہنے کی وجہ سے آئے دن خودکشی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ بھارتی حکومت کے ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں سال 2010 سے سال 2019 کے دوران 1113 فوجی اہلکاروں نے خودکشیاں کی ہیں۔