اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ تحریک آزادی کشمیرسے بے وفائی دین سے غداری کے مترادف ہے،جماعت اسلامی پاکستان تحریک آزادی کشمیرسے کسی کو بے وفائی نہیں کرنے دے گی،دجالیت کے اس دور میں اسلامی تحریکوں کے ساتھ وہی ہورہاہے جو انبیاء کے ساتھ ہوا ہے،مغرب نے بڑی ہوشیاری کے ساتھ اللہ کے دین کو اسلامی ممالک کے بادشاہوں کادین بنادیاہے،پاکستان میں حکمران پارٹیوں کا یہ آخری الیکشن ہے،الیکشن کمیشن ،عدالتیں اور اسٹبلشمنٹ غیر جاندار رہیں تو عوام درست فیصلے کریںگے،ہمار ا نظام تعلیم اور نظام معیشت مغرب ،آئی ایم ایف اور دیگر عالمی ادارے بنارہے ہیں،مسلمان نے کیادیکھنا اور کیاسنا ہے یہ بھی مغرب طے کرتاہے،57اسلامی ممالک او ر پونے دو ارب مسلمانوں کے بادشاہ کون ہوںگے یہ بھی مغرب طے کرتاہے ،غلام بن غلام حکمرانو ں سے قوم کی گردنیں آزاد کرانا چاہتے ہیں،غلام بن غلام حکمرانوں سے قوم کی گردنیں آزاد کرانا چاہتے ہیں ،
ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی آزا دجموں وکشمیرگلگت بلتستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر کا شکریہ ادا کیااو رآزاد کشمیرکی سیاسی صورت حال اور مقبوضہ کشمیرکی سنگین صورت حال کے حوالے سے بریف کیا،اجلاس میں سابق امراء جماعت عبدالرشید ترابی ،ڈاکٹر خالد محمود اور دیگر قائدین شریک تھے،
جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسراج الحق نے کہاکہ گلوبل ویلج میں گلوبل انقلاب کی ضرورت ہے،انھوںنے کہاکہ مغرب اپنے میڈیا کے ذریعے مسلمانوں کی سوچ کو تبدیل کررہاہے اور مسلمانوں کو باور کرارہاہے کہ تمھارا دین وہی ہے جو حکمران کا دین ہے ،سودی معاشی نظام نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنادی ہے ،جماعت اسلامی کو پارلیمان سے باہر رکھنے کی سازش کی گئی ہے مگر جماعت اسلامی جمہوری انداز سے رائہ عامہ کومنظم کرکے حقیقی تبدیلی لائے گی ،بڑے پیمانے پر عوام جماعت اسلامی کی طرف متوجہ ہوئے ہیں،پاکستا ن کے عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ روایتی پارٹی اور کرپٹ قیادت ان کے مسائل حل نہیں کرسکتی ،پاکستان کو بحران سے صرف جماعت اسلامی ہی نکال سکتی ہے،اس موقع پر انھو ں نے کہاکہ پاکستان کے 25کروڑ عوام اور جماعت اسلامی کشمیریوںکی پشت پر ہے مسئلہ کشمیرپاکستان کی سلامتی کو مسئلہ ہے قوم اس حقیقت کو جانتی ہے اور وہ کشمیریوں کو نظرانداز نہیں کرتی جماعت اسلامی صبح آزادی تک کشمیریوں کے ساتھ رہے گی۔