برسلز(صباح نیوز)کشمیرکونسل یورپ(کے سی ای یو) کے چیرمین علی رضا سید نے ممتاز کشمیری رہنماؤں عبدالحمید لون اور مولانا سرجان برکاتی کے خلاف بھارت کی طرف سے من گھڑت مقدمات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکام نے حال ہی میں عبدالحمید لون اور مولانا سرجان احمد وگے المعروف سرجان برکاتی اور ان کی اہلیہ کے خلاف جعلی مقدمات درج کیے ہیں۔
برسلز سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کے سی ای یو کے چیئرمیں علی رضا سید نے کہا کہ یہ بھارتی مقدمات مکمل طور پر جعلی الزامات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کے خلاف ایسے مقدمات کو ان کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو روکنے کے لیے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان جعلی مقدمات کے اندراج کے لیے بھارت کی جانب سے مسلسل کالے قوانین کا استعمال کیا جا رہا ہے، مقبوضہ علاقے میں بھارتی ان غیر قانونی اور غیراخلاقی اقدامات کا مقصد جموں و کشمیر کے لوگوں کو دبانا ہے جو گزشتہ 76 سالوں سے بھارت کے غیرقانونی قبضے سے اپنی سرزمین کو آزاد کرانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
علی رضا سید نے کہا کہ اگرچہ بھارت اس طرح کے جھوٹے الزامات اور ریاستی دہشت گردی جیسے ہتھیاروں سے کشمیری رہنماوں میں خوف پیدا کرنا چاہتا ہے لیکن بہادر کشمیری بھارت کی اس ریاستی دہشت گردی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔بھارتی حکام ایسے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات سے کشمیری عوام کو خاموش نہیں کر سکتے اور ان کے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔
کشمیرکونسل ای یو کے سربراہ علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری قیادت کو بھارت کی طرف سے منظم طریقے سے نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کروائے۔انہوں نے یہ بھی اپیل کی کہ مسئلہ کشمیر کو پرامن اور منصفانہ طور پر اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کروایا جائے۔