ستائس اکتوبر کشمیریوں کی غلامی کا بدترین دن ہے،سردارعتیق احمد


مظفرآباد(صباح نیوز) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ 27اکتوبر کشمیریوں کی غلامی کا بدترین دن ہے جب ہندوستان نے طاقت کے نشے میں کشمیر میں اپنی افواج اتار کر تمام اصول و ضوابط کو بری طرح پامال کیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آج مقبوضہ کشمیر کے عوام جرات  اور بہادری کے ساتھ ہندوستان کا مقابلہ کررہے ہیں ۔پاکستان کی کرکٹ میں فتح کے موقع پر کشمیری نوجوانوں کا جشن منانا اس با ت کا ثبوت ہے کہ کشمیری عوام ہندوستان کے جبری قبضے کو مسترد کرچکے ہیں اور ان کا ہندوستان کے ساتھ تعلق محض فوجی جبر کی بنیاد پر قائم ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی فوج کشمیر میں قتل عام کی مرتکب ہورہی ہے اور اقوام عالم کی خاموشی افسوسناک ہے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی طاقتوں کو کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد ہے۔ اس کے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ دنیا کو کشمیری عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کا میکنزم بنانا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیاء کے اوپر منڈلاتے خطرات کم ہوسکیں۔