جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجیوں کا شوپیاں میں تلاشی آپریشن


سرینگر : جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے ضلع شوپیاں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔فوجیوں نے ضلع کے علاقے کلبل زیپورہ کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی کا عمل شروع کردیا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔

علا وہ ازیں  بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں کے علاقے میں ورکنگ باونڈری کے ساتھ اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔بی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہوں نے ورکنگ باونڈری کے ساتھ فوجیوں کو متحرک کر دیا ہے اور دھند کے موسم اور بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر نگرانی کے آلات کے ساتھ اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرحد پر تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے۔افسر کا کہنا تھاکہ پولیس نے سرحد کی طرف جانے والی سڑکوں پر کئی چوکیاں بھی قائم کر دی ہیں اور چیکنگ بڑھا دی گئی ہے۔۔