پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ(ن) کو نہیں، جمہوریت کو سپورٹ کررہے ہیں، خالد مقبول

اسلام آباد(صباح نیوز)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ(ن) کو نہیں بلکہ جمہوریت کو سپورٹ کررہے ہیں۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ میں جنتی لوگ 20سال مکمل کریں، 15سال میں لاڑکانہ بھی موہن جودڑو لگنے لگا ہے۔وزارتوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی وزارتیں لینے کا معاملہ طے نہیں ہوا، اس حوالے سے کیا معاملات آگے بڑھتے ہیں اس کے حساب سے دیکھیں گے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ بلاول کہہ رہے ہیں کہ ایم کیو ایم کی نشستیں کراچی میں کم تھیں اور ان کو بعد میں زیادہ نشستیں دی گئی ہیں تو اس پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نشستیں تین سے 7 ہوئی ہیں اور ہماری 19 سے 17 ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بنیادی طور پر نہ پیپلز پارٹی کو سپورٹ کررہے ہیں نہ مسلم لیگ(ن) کو سپورٹ کررہے ہیں، ہم جمہوریت کو سپورٹ کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مشکل وقت ہے اور اس حوالے سے حکومتوں کے بننے میں رکاوٹ آئی تو اس کانپتی ہوئی جمہوریت کو بڑے خدشات لاحق ہو سکتے ہیں۔۔