اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور عراق کے درمیان سیاحت کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر لئے گئے ۔
دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کے مطابق پاکستان و عراق نے 19 جنوری 2022 کو بغداد میں سیاحت کے شعبے میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ، ایم او یو پر عراق کے وزیر برائے ثقافت، سیاحت اور نوادرات اور جمہوریہ عراق میں پاکستان کے سفیر نے دستخط کیے جبکہ مفاہمت سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان عوام کے روابط مضبوط ہوں گے، پاکستانی زائرین کو عراق میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان عراقی فریق کے ساتھ بھی سرگرم عمل ہے اور پاکستان جمہوریہ عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے