پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے کامران بنگش کیخلاف چترال ،لوئر کوہستان میں درج مقدمات منسوخ کرنے کا حکم دیدیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں سابق صوبائی وزیر اور خیبر پختونخواسے پی ٹی آئی رہنما کامران بنگش کی ایف آئی آرکے خاتمے کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست کی سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی۔ کامران بنگش کے وکیل گلزار علی زمان ایڈوکیٹ نے کہا کہ تمام مقدمات میں ایک ہی نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں،کامران بنگش کیخلاف ڈی آئی خان، بنوں، چترال اور کوہستان میں مقدمات درج کئے گئے۔ دوران سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ اس پر تو ہمارا فیصلہ ہے کہ ایک ہی نوعیت کے الزامات پر دوسری ایف آئی آر نہیں ہوسکتی۔ وکیل نے کہا کہ ڈی آئی خان مقدمے سے درخواست گزار کے نام کو خارج کیا گیا، ایک ہی نوعیت کے الزامات ہیں کہ کامران بنگش نے سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی۔بعد ازاں عدالت نے کامران بنگش کیخلاف چترال اور کوہستان میں درج مقدمات منسوخ کرنے کا حکم دیدیا۔