راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاک فوج ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
پاکستان میں مکمل امن واپس آ کر رہے گا،آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کوکور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، آرمی چیف کو سکیورٹی صورتحال، قبائلی اضلاع میں ترقیاتی کاموں پر بریفنگ جبکہ پاک، افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کے عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی میں سکیورٹی فورسز کا کردار قابل قدر ہے۔
سماجی و اقتصادی منصوبے علاقے کے پائیدار استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج، ایف سی، لیویز، خاصہ دار، پولیس، بہادر قبائلیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں آرمی چیف کے پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا