حیدرآباد(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ صدارتی نظام کا شوشہ حکومتی ناکامی اور مہنگائی سمیت عوام کے سلگتے مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ اسلامی نظام میں ہی ملکی ترقی سالمیت اور عوام کے تمام مسائل کا حل ہے کیونکہ صدارتی و پارلیمانی نظام ناکام ہوچکے ہیں۔ جماعت اسلامی حکومتی نا اہلی، مہنگائی، سودی نظام کے خلاف سندھ بھر کے ڈیوژنل و ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دے گی آخر میں فیصلہ کن دھرنا اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع حیدرآباد کے نظم کے خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی نائب قیم حافظ طاہر مجید، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا اور امیر ضلع عقیل احمد خان بھی موجود تھے۔ قیم ضلع ظہیر شیخ اور جے آئی یوتھ کے جنرل سیکرٹری عمیر شمس تھیبو نے حق دو حیدرآباد تحریک، بلدیاتی انتخابات سمیت تنظیمی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔
صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی حق دو حیدرآباد تحریک عوام کی آواز ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا بلدیاتی ترمیمی بل آئین سے متصادم اور بلدیاتی اداروں کے حقوقِ پر ڈاکہ ہے۔ آئین و عوامی مفاد کی بجائے ذاتی و سیاسی بنیادوں پر بلدیاتی نظام اور حدبندیاں جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ کراچی میں بلدیاتی کالے قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کو 22دن گذرگئے مگر حکومت نہ صرف بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہی بلکہ ترمیمی بل پر آئین و عوامی امنگوں کے مطابق سنجیدہ قدم اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہے۔ہم کراچی تاء کشمور سندھ بھر میں بااختیار بلدیاتی اداروں کے قیام اور عدل وانصاف کے مطابق حد بندیوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔ کالے بلدیاتی بل کی واپسی اور اسلامی و خوشحال پاکستان تک جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی