لندن(صباح نیوز) برطانیہ کے سابق وزیراعظم اور موجودہ وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف برسر پیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنماؤں کو غزہ چھوڑ کر نکل جانا چاہیے۔
ہاؤس آف لارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا برطانوی حکومت ہمیشہ سے فلسطین کے دو ریاستی حل کو سپورٹ کرتی آئی ہے اور اس موقع پر فلسطین کو تسلیم کرنا بھی اسی پالیسی کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا برطانیہ نے اس حوالے سے اپنے اتحادیوں سے بھی مشاورت کی ہے تاہم برطانیہ ایک خود مختار ملک ہے جس کی اپنی خارجہ پالیسی ہے جو برطانوی وزیراعظم اور سیکرٹری خارجہ پارلیمنٹ میں پیش کرتے ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا فلسطین کا دو ریاستی حل حماس کے لیے تحفہ نہیں ہے، دو ریاستی حل کے ذریعے فلسطینیوں کو بہتر مستقبل دینا چاہیے جبکہ اسرائیل کو غزہ پٹی میں امدادی سامان داخل ہونے کی اجازت دے دینی چاہیے۔
ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق ہے تاہم اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی بھی پابندی کرے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ برطانوی حکومت نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر برطانوی اپوزیشن رہنماں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی تھی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ اس معاملے پر پارلیمان میں وضاحت پیش کی جائے۔