متبادل دوستوں کی تلاش ۔۔۔تحریر: نصرت جاوید


پاکستان میں اس وقت میری دانست میں سب سے غور طلب یہ حقیقت ہے کہ آئی ایم ایف سے فقط ایک ارب ڈالر کی قسط حاصل کرنے کے لئے ہماری حکومت کو 377ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگانا پڑے ہیں۔ بجلی،گیس اور پیٹرول کے نرخ بھی عالمی معیشت کے نگہبان ادارے کے اصرار پر مسلسل بڑھانا ہوں گے۔اس کے علاوہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ’’کامل خودمختاری‘‘ بھی یقینی بنانا ہوگی۔ اس کے گورنر اور معاونین کی جانب سے لئے ہر فیصلے کو ’’نیک نیتی‘‘ پر مبنی تصور کیا جائے گا۔نیب اور ایف آئی اے جیسے ادارے انہیں کسی فیصلے کی وضاحت کے لئے طلب نہیں کرسکیں گے اور یہ قانون اس ملک میں متعارف کروایا جارہا ہے جس کا 1973ء کے آئین کے تحت منتخب ہوا پہلا وزیر اعظم اپریل 1979ء میں پھانسی پر لٹکایا گیا۔اس کے بعد آنے والے کسی بھی وزیر اعظم کو پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کی اجازت نہیں ملی۔اقتدار کے دوران اور اس سے فراغت کے بعد وہ نیب کے عقوبت خانوں میں مہینوں گزارتے رہے ۔ ان دنوں عدالتوں کے روبرو پیش ہوکر اپنی صفائیاں دے رہے ہیں۔

سابق وزرائے اعظم کے سیاسی اور سرکاری مصاحبوں کی ایک کثیر تعداد بھی مبینہ طورپر اپنی نظر آنے والی آمدنی سے زیادہ اثاثے رکھنے کے الزام میں ذلیل ورسوا ہورہے ہیں۔گورنر سٹیٹ بینک اور ان کے معاونین کو مگر ایسی ذلت سے بچانے کا پیشگی بندوبست کرلیا گیا ہے۔ایک ہی ملک میں واضح طورپر دو مختلف قوانین لاگو ہوئے نظر آرہے ہیں جو حکمران اشرافیہ کو بھی برہمن اور شودر میں تقسیم کررہے ہیں۔

معاشی معاملات سے بے خبر رہنا میرے اور آپ جیسے محدود اور کم آمدنی والوں کے لئے ممکن ہی نہیں۔ہمیں روزانہ کی بناد پر بازار جاکر اپنی روزمرہّ زندگی برقرار رکھنے کے لئے لازمی اشیاء خریدنا ہوتی ہیں۔مہنگائی کی شرح ماپنے کے لئے میرے اورا ٓپ کی ذاتی زندگی سے بڑا پیمانہ موجود ہی نہیں۔ہمیں حقیقی مسائل سے غافل رکھنے کے لئے مگر ’’طوطا حلال ہے یا حرام‘‘ جیسے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ایسے سوالات سوشل میڈیا خاص طورپر یوٹیوب چینلوں پر مسلط کئے ذہن سازوں کی فراست کے سہارے اُٹھوائے جارہے ہیں۔انہیں نظرانداز کرنے کے بجائے میرے کئی معتبر ساتھی انتہائی سنجیدگی سے طوطے کو حلال یا حرام ثابت کرنے کی بحث میں الجھ جاتے ہیں۔حکمرانوں کی اس سے زیادہ خدمت گزاری ہونہیں سکتی۔

یہ بات برحق کہ وطن عزیز میں بنیادی سوالات اٹھانے کی گنجائش محدود سے محدود تر ہورہی ہے۔ اتنا حق تو ہماری اکثریت کو اب بھی تاہم میسر ہے کہ جو موضوعات فروعی مباحث میں واضح طورپر الجھاتے نظر آئیں ان کے بارے میں خاموشی اختیار کرلی جائے۔’’ذہن سازوں‘‘ کے بچھائے جال سے اجتناب برتا جائے ۔ یہ امید ایجاد کرنے سے بھی گریز ہوکہ ’’اِن ہائوس‘‘ تبدیلی کو ممکن بنانے کے لئے جاہ وجلال والوں سے خفیہ ملاقاتیں جاری ہیں اور مسلم لیگ (نون) کی صفوں سے چار ایسے افراد بھی نمودار ہوچکے ہیں جو ’’ہم بھی تو پڑے ہیں راہوں میں‘‘ والا نغمہ الاپ رہے ہیں۔

عمران خان صاحب مجھے پھلوں کی ٹوکریاں نہیں بھیجتے۔ ٹھنڈے دل سے مگر غور کرتا ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ انہیں حکومتی ترجمانوں کی فوج ظفر موج بھی ’’اچھی نہیں ملی‘‘۔مثال کے طورپر انہوں نے چند دن قبل روسی صدر پوٹن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔اس گفتگو کے بعد وزیر اعظم صاحب نے اپنے ہاتھ سے ٹویٹ لکھ کر ہمیں آگاہ کیا کہ انہوں نے روسی صدر کا اس بیان کی وجہ سے شکریہ ادا کیا جس کے ذریعے پوٹن نے مغربی دنیا کو سادہ ترین الفاظ میں بتادیا ہے کہ مسلمانوں کے لئے مقدس ترین شمار ہوتی ہستیوں اور مبادیات کی تضحیک ’’آزادیٔ اظہار‘‘ کا جواز تراشتے ہوئے نظرانداز نہیں کی جاسکتی۔

روسی صدر کے ساتھ ان دنوں رابطہ کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم نے درحقیقت کمال جرأت کامظاہرہ کیا ہے۔سوشل میڈیا پر چھائے ذہن سازوں کی یاوہ گوئی سے اپنے غم بھلانے کی علت سے مہلت ملے تو ٹویٹر اور فیس بک پر سرسری نظر ڈالنے کے بعد بھی آپ یہ حقیقت بآسانی دریافت کرسکتے ہیں کہ ان دنوں روس اور مغربی ممالک کے مابین تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔امریکہ کی جانب سے مسلسل دعویٰ ہورہا ہے کہ روس اپنے ایک ہمسایہ ملک یوکرین کی سرحدوں پر جدید ترین اسلحہ سے لیس افواج کے انبوہ بھیج رہا ہے۔وہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک سے تقاضہ کررہا ہے کہ تحریری طورپر اسے یقین دلایا جائے کہ یو کرین کو نیٹو نامی فوجی اتحاد کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔ماضی میں کمیونسٹ بلاک کا حصہ رہے پولینڈ جیسے ممالک میں بھی روس کو دھمکانے والے ایٹمی ہتھیار نہیں پہنچائے جائیں گے۔امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو خدشہ ہے کہ ان کی جانب سے مطلوبہ تحریری وعدے فراہم نہ کرنے کی صورت روس یوکرین پر فوجی قبضہ کرلے گا۔جارحانہ حملے کے امکانات اس حد تک قوی تصور کئے جارہے ہیں کہ اب ایسی مشقیں بھی شروع کردی گی ہیں جو یوکرین پر ممکنہ روسی قبضے کے بعد وہاں سے ایسی مزا حمت یقینی بنانا چاہ رہی ہیں جو روسی افواج کے افغانستان پر قبضے کے بعد اس ملک میں ’’مجاہدین‘‘ کے ذریعے کئی برسوں تک برپارہی۔

روس اور مغربی ممالک کے مابین انتہائی کشیدگی کے اس موسم میں پاکستان کے وزیر اعظم نے صدر پیوٹن سے رابطہ کرتے ہوئے سفارتی اعتبار سے اہم ترین قدم اٹھایا ہے۔یہ پیش قدمی یہ سوچتے ہوئے مزید اہم محسوس ہوتی ہے کہ وائٹ ہائوس پہنچنے کے ایک سال بعد بھی امریکی صدر نے ہمارے وزیر اعظم سے کسی رابطے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔جوبائیڈن کئی برسوں سے امریکی افواج کو افغانستان سے نکالنا چاہ رہا تھا۔ وہ اقتدار میں نہیں تھا تو ٹرمپ کے متعین کردہ زلمے خلیل زاد کے ساتھ طالبان کے مذاکرات پاکستان کی بھرپور معاونت کی بدولت ہی ممکن ہوئے۔ ’’اسلامی امارات افغانستان‘‘ کے ساتھ ٹرمپ انتظامیہ نے جو معاہدہ کیا تھا جوبائیڈن نے اس کی تنسیخ مناسب تصور نہیں کی۔ امریکی افواج کے انخلاء کے لئے فقط مزید مہلت طلب کی۔ جو وقفہ میسر تھا اس کے دوران مگر وہ امریکی افواج کی باعزت واپسی کی راہ ڈھونڈ نہیں پایا۔ بالآخر گزشتہ برس کی 15اگست کے روز سے تقریباََ ایک ہفتے تک امریکی افواج افغانستان سے ذلت آمیز انداز میں جان بچاکر فرار ہوتی نظر آئیں۔جان بچاکر بھاگتی امریکی افواج اور ان کے افغان اور دیگر حلیفوں کو محفوظ پناہ گاہوں تک پہنچانے میں پاکستان بھی مددگار ثابت ہوا۔ جوبائیڈن نے تاہم ہمارے وزیر اعظم تک ’’شکریہ‘‘ کے دو بول بھی نہ پہنچائے۔آئی ایم ایف کو خاموشی سے پیغام بلکہ یہ دیا کہ پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے سے قبل وہاں کی حکومت کو اپنے عوام پر مزید ٹیکس لگانے کو مجبور کیا جائے۔ہمارے وزیر خزانہ شوکت ترین صاحب نے ایک ٹی وی انٹرویو میں آئی ایم ایف کے سخت گیر رویے کا ازخود شکوہ کیا ہے۔میں ہرگز اندر کی کوئی بات عیاں نہیں کررہا۔ نہ ہی کوئی سازشی کہانی بیان کررہا ہوں۔فقط وہ حقیقت دہرارہا ہوں جو شوکت ترین صاحب نے بیان کی ہے۔

قصہ مختصر، دنیا کی واحد سپرطاقت کہلاتے امریکہ کا ان دنوں پاکستان کے ساتھ رویہ مخاصمانہ ہوچکا ہے۔ہمیں اب متبادل دوستوں کی تلاش ہے۔ اس ضمن میں فقط چین کا سہارا ہی کافی نہیں۔برادر ملک سعودی عرب بھی گزشتہ چند مہینوں سے ماضی والی فیاضی نہیں دکھارہا۔یو کرین کی سرحد پر جارحانہ انداز میں اپنی افواج تعینات کرتے ہوئے روسی صدر پوٹن امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو ان کی اوقات میں رکھنا چاہ رہا ہے۔عمران خان صاحب نے سفارت کارانہ مہارت سے اس کی کمر تھپکائی ہے۔

تیل اور گیس کے ذخائر کے اعتبار سے روس خیرہ کن حد تک مالا مال ہے۔عالمی منڈی میں ان کی فروخت کے ذریعے روس کے قومی خزانے میں اربوں ڈالر وافر تعداد میں جمع ہورہے ہیں۔امریکہ کو نظرانداز کرتے ہوئے عمرا ن خان صاحب روس کیساتھ چین جیسی گہری دوستی استوارکرنے میں اگر کامیاب ہوگئے تو طویل المدت تناظر میں ہمارے تیل اور گیس سے جڑے مسائل کا مؤثر ترین حل میسر ہوسکتا ہے۔روس،چین اور پاکستان بلکہ ایک ’’اتحاد ثلاثہ‘‘بھی کھڑا کرسکتے ہیں جو امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کو ہمارے ساتھ اپنا مخاصمانہ رویہ تبدیل کرنے کو مجبور کردے ۔یوٹیوب پر چھائے ذہن ساز مگر ان امکانات کی جانب توجہ ہی نہیں دے رہے۔