قلت آب کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے موثر نظام کی ضرورت ہے،صدرمملکت


اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ قلت آب کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے موثر نظام کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ملک میں پانی کے بہتر انتظام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں پانی کے انتظام کیلئے سیٹلائٹ اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ،اجلا س میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی اور سیکرٹری آبی وسائل ڈاکٹر کاظم نیاز نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں ملک میں پانی کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کو قلت آب جیسے مسئلے کا سامنا ہے۔اجلاس میں پانی کی قلت اور اس کے بہتر انتظام کے حوالے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں پانی کے بہتر انتظام اور نگرانی کیلئے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

اس موقع پر صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ ملک میں پانی کے بہتر انتظام کیلئے جامع حل اختیار کرنے کی ضرورت ہے ،ماحولیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی کی وجہ سے فی کس پانی کی دستیابی میں کمی آئی ، قلت آب کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے پانی کے انتظام کے موثر نظام کی ضرورت ہے ، سیلاب اور خشک سالی کی وجہ سے ملک کو سالانہ 12 ارب ڈالر کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔