مکران میں مشترکہ ریسکیو آپریشن میں سیلابی ریلے میں پھنسے 9 افراد کو زندہ بچا لیا

مکران (صباح نیوز)بلوچستان کے مکران ڈویژن میں پاک آرمی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  کے مشترکہ ریسکیو آپریشن کے بعد سیلابی ریلے میں پھنسے 9 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ نگران وزیر اعلی بلوچستان علی مردان ڈومکی کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے بلوچستان نے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا تھا جبکہ پاک آرمی کے جوانوں نے پی ڈی ایم اے کے شانہ بشانہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی شدید بارشوں کے باعث طغیانی میں پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے، پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے آپریشن میں حصہ لیا۔

نگران وزیر اعلی بلوچستان علی مردان ڈومکی نے پاک آرمی اور پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیموں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔یاد رہے کہ آج گوادر کی تحصیل اورماڑہ میں زیر تعمیر بسول ڈیم کا بند ٹوٹ گیا تھا۔مکران کوسٹل ہائی وے کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے  بتایا تھا کہ ڈیم کا بند ٹوٹنے سے پانی کا اخراج جاری ہے، سیلابی ریلہ اس وقت مکران کوسٹل ہائی وے سے گزر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ سیلابی صورتحال کے بعد مکران کوسٹل ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، خطرے کے پیش نظر ٹریفک کو اورماڑہ کے مقام پر ہی روک دیا گیا ہے۔کوسٹل ہائی وے پولیس نے ہدایت دی تھی کہ مسافر مکران کوسٹل ہائی وے پر سفر سیگریز کریں۔