مہنگائی، بدامنی کے ذمہ دار سابقہ حکمران جماعتیں ہیں،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی، بدامنی اور بیروزگاری کے ذمہ دار سابقہ حکمران جماعتیں ہیں جنہوں نے قومی مفادات کی بجائے اپنی ذاتی مفادات اور کرپشن وکمیشن کو ترجیح دیکر ملک کو دیوالیہ بنا دیا ہے اس وقت بھی ملک 65 ہزار ارب ڈالر کا مقروض ہے، بلاول بھٹو زرداری کا اعترافی بیان اس کی کھلی مثال ہے۔کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے، گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے صنعتیں بند ہورہی ہیں، پ پ 15 سال تک سندھ پر بلاشرکت غیرے حکمرانی کرنے کے باوجود عوام کو پینے کا صاف پانی بھی فراہم نہیں کرسکی،سیلاب میں جان بوجھ کر عوام کو ڈبویا گیا،متاثرین کے نام پر آنے والے اربوں روپے کا سامان بھی ہڑپ کرلیا گیا اور آج بھی متاثرین دربدری کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں اسلئے عوام 08 فروری کو عام انتخابات کے دن ظالم اور عوام دشمن ٹولے کو شکست ،دیانتدار قیادت کو منتخب کرکے بدلہ لیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں 7نمبر ناکے پر منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ،این اے 194 پر قومی اسمبلی کے نامزد امیدوار ایڈووکیٹ عاشق دھامراہ،پی ایس 10،11 اور 12 کے امیدوار عباس ڈاھانی،نادر علی کھوسہ اور علی گل چانڈیو نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے کرپشن کے تمام سابقہ رکارڈ توڑدیئے ہیں، ہر ادارہ تباہ ہے سندھ  میں اربوں روپے کی گندم چوہے کھاجاتے ہیں گذشتہ چند سالوں میں گندم کی مد میں 10 ارب روپے کی کرپشن دیگ کے چند چاول ہیں۔ 08 فروری کو سندھ کے وسائل کی لوٹ مار اور عوام کو بھوک، بدحالی کا شکار کرنے والوں سے نجات کا دن ہے عوام بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر انصاف اور عدل کے نشان ترازو پر ٹھپہ لگاکر جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کریں۔

میڈیا کے نمائندے کی جانب سے پیچھے گئے ایک سوال میں صوبائی امیر نے کہاکہ نشان چھیننے سے لیکر سائفر کیس میں سزا تک پی ٹی آئی کے ساتھ زیادتی اور انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔