خیبر پختونخوا کے عوام کو بے وقوف کہنے پر نوازشریف معافی مانگیں، اے این پی


پشاور(صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی نے خیبر پختونخوا کے عوام کو بے وقوف کہنے پر نوازشریف سے معافی کامطالبہ کردیا۔

اے این پی کی ترجمان ثمربلور نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور تین بار وزیراعظم پاکستان کے عہدے پر رہنے والے شخص کو یہ زیب نہیں دیتا کہ ایک صوبے کے عوام کو بیوقوف کہے، یہ الفاظ ایسے وقت کہے گئے جب انکی بیٹی اسی صوبے میں انتخابی مہم چلارہی تھیں، یہ لوگ کس منہ سے یہاں آکر ووٹ مانگیں گے۔

ثمربلور نے کہا کہ ماضی میں اسی جماعت نے ہمارے حقوق دینے سے انکار کیا تھا اور رہبرتحریک خان عبدالولی خان نے اتحاد سے نکلنے کا اعلان کیا، شاید آج نوازشریف صاحب ایک بار پھر تاریخ دہرارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ پنجاب کا ڈومیسائل رکھنے والا ہر شخص اس ملک میں معزز سمجھا جاتا ہے لیکن پختونخوا کے عوام کے نمائندے ابھی موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس عمل کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ مطالبہ کرتے ہیں کہ نوازشریف صاحب اپنے الفاظ واپس لے کر پوری قوم سے معافی مانگیں۔