مطلوبہ انتخابی معلومات کے حصول میں مشکلات پر صحافیوں کا احتجاج

اسلام آباد (صباح نیوز) عام انتخابات 2024 ء سے متعلق مطلوبہ معلومات کے حصول میں مشکلات پر صحافیوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان  کے ڈیٹا سنٹر سے متعلق بریفنگ کا بائیکاٹ کر دیا ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا میڈیا کو رسائی دو ، الیکشن کمیشن کو آزاد کرو اور دیگر نعرے لگائے گئے ۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن کے حکام کی جانب سے انتخابات کی کوریج کرنے والے بیٹ رپورٹرز کو کمیشن کے حال ہی میں قائم ڈیٹا سنٹر کے دورے اور وہاں بریفنگ کی دعوت دی گئی تھی

صحافی انتخابات 2024 ء کے حوالے سے مطلوبہ معلومات کے حصول میں مشکلات پر ڈیٹا سنٹر نہیں گئے اور میڈیا بریفنگ کا بائیکاٹ کر دیا ۔الیکشن کمیشن میں ڈیٹا سنٹر کی متعلق بریفنگ کے موقع پر صحافیوں نے بائیکاٹ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے باہر  نعرے بازی کی تقاریر کرتے ہوئے موقف پیش کیا گیا کہ  رپورٹرز کی نقل و حرکت کی نگرانی کی جاتی ہے،صحافیوں کو نہ ڈیٹا شیئر کیا جاتا ہے  نہ کوئی جواب دیا جاتا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن صحافیوں سے مذاکرات کیلئے پہنچ گئے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے ہمراہ ترجمان الیکشن کمیشن، ڈپٹی ترجمان الیکشن بھی موجود تھے تاہم بائیکاٹ جاری رہا۔  احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عباسی اور دیگر نے کہا کہ بار بار متذکرہ معاملات پر متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کروائی گئی مگر مسئلہ حل نہ ہوا یہاں تک کہ سینئرصحافیوں نے مختلف فورمز پر اس بارے میں بات بھی کی میڈیا ہاؤسز سے رپورٹرزکو  انتخابات کے بارے میں مختلف رپورٹس کی تیاری کا ٹاسک دیا جاتا ہے مگرالیکشن کمیشن سے مطلوبہ معلومات نہیں ملتی ہیں اور آج ہم احتجاج پر مجبور ہوگئے ہیں 2024میں تو معلومات تک رسائی کو زیادہ آسان ہونا چاہیے تھا

مگر یہاں مشکلات کا سامنا ہے ۔دیگر مقررین نے کہا کہ ہم سب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آزادی وخودمختیاری پر یقین رکھتے ہیں اور آئینی اداروں کے استحکام اور اختیارات کے حوالے سے میڈیا کے محاز پر بھی جدوجہد کی گئی۔جمہوریت اور میڈیا کو چولی دامن کا ساتھ ہے۔مگر تیز تر معلومات کے اس دور میں میڈیا کو انتخابات کے معلومات تک رسائی نہیں دی جارہی۔ سابقہ انتخابات میں شیڈول کا اعلان ہوتے ہی انتخابی سرگرمیوں کے بارے میں باقاعدگی سے بریفنگ ہوتی ہیں اب ایسا کچھ کیوں نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان رپورٹرز ایسوسی ایشن کے تحت اس اتحاد واتفاق کی فضا کو برقراررکھا جائے گا