اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ وزیراعظم نے ابوظہبی میں سول تنصیبات پر حوثی باغیوں کے دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زید کو ٹیلی فون کیا اور 17 جنوری کو شہری سہولیات کے مرکز پر حوثی ملیشیا کے گھنانے دہشت گردانہ حملے کی شدیدمذمت کی۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ایسے حملوں کا کوئی جواز نہیں اور ایسے حملوں کو فوری روکے جانے کی ضرورت ہے جو علاقائی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
انہوں نے اس حملے کے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
ولی عہد محمد بن زید نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھرپور حمایت کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔