اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے گھی، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق کیس میں اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرکے تحریری معروضات طلب کر لی ہیں جبکہ عدالت نے مسابقتی کمیشن اور متعلقہ فریقین کو بھی اپنی معروضات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ، تو اٹارنی جنرل نے کہاکہ ریگولیٹرز کے اختیارات سے متعلق یہ بڑا اہم کیس ہے، گھی کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ پر مسابقتی کمیشن نے کمپنی مالکان کو نوٹسز جاری کیے،کمیشن کے نوٹس کیخلاف ایک کمپنی رٹ میں چلی گئی،
اٹارنی جنرل نے درخواست کی کہ تمام ریگولیٹری باڈیز کے اختیارات سے متعلق سپریم کورٹ گائیڈ لائین سیٹ کرے،جس میں کمپنی مالکان اورصارفین کے حقوق کا تحفظ ہو،اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کی طرف سے گائیڈ لائین میں ریگولیٹرز اور عدالتی اختیارات کو واضع کیا جائے،ریگولیٹرز کے فیصلوں کیخلاف مقدمہ بازی سے ریونیو بھی رک جاتا ہے،
عدالت نے اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرکے ان سے تحریری معروضات طلب کرلی ہیں اور کیس کی مزید سماعت مارچ تک ملتوی کردی۔