سرکاری وسائل سے  لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے،مولانا فضل الرحمن


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت کا امیدوار لامحدود سرکاری وسائل استعمال کر کے  لوگوں کے ضمیر خریدنے اور سرکاری افسران کے وقار کو بیچنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں13فروری 2022  کو ہونیوالے سٹی میئر تحصیل بلدیاتی الیکشن میں سرکاری وسائل اور انتظامی مشینری کا کھلے عام استعمال پری پول رگنگ کے مترادف ہے،چیف الیکشن کمشنراس مبینہ دھاندلی کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر کے انتخابات کے دوران وفاقی اور صوبائی وزرا کی ایما پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے1ارب 88کروڑ کی سکیموں کی منظوری دیکر پوری انتخابی عمل کو متنازعہ بنا دیا ہے ۔ حکمران جماعت کا امیدوار لامحدود سرکاری وسائل استعمال کر کے لوگوں کے ضمیر خریدنے اور سرکاری افسران کے وقار کو بیچنے میں مصروف ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا  کہ  یہاں ٹی ایم اے کے علاوہ تمام انتظامی محکموں کے افسران و اہلکار پارٹی ورکرز کی طرح حکمران جماعت کے امیدوار کی انتخابی مہم چلا کے اپنے منصب کی توہین اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی پامالی میں مصروف ہیں۔ڈیرہ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران جس بے حجابی کے ساتھ انتخابی عمل کو متنازعہ بنانے پہ تل گئے ہیں،اس سے عوام میں اشتعال بڑھ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اگر بروقت اس لاقانونیت کا نوٹس نہ لیا توجمعیت اس معاملہ کو عوام میں لے جائے گی۔