وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے، قومی ٹیم کو مسلسل چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست

کرائسٹ چرچ (صباح نیوز)کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے 5 ٹی 20 میچز کی سیریز میں پاکستان پر وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے، نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا تھا، قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے، محمد رضوان 90 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے۔5 میچز کی ٹی 20 سیریز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان کی جانب سے اووپنر صائم ایوب ایک بار پھر ناکام رہے،

دوسرے اوور کی آخری گیند پر میٹ ہنری کی گیند پر ڈیرل مچل کو کیچ دے بیٹھے اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ 56 رنز کے مجموعے پر گری، بابر اعظم اس بار نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر ایڈم ملن کی گیند پر گیلن فلپس کو کیچ دے بیٹھے۔فخر زمان 9 رنز بنا کر لوکی فرگوسن کی گیند پر مارک چیپ مین کو کیچ دے کر آوٹ ہوئے جبکہ اعظم خان کی جگہ آنے والے بلے باز صاحبزادہ فرحان بھی صرف ایک رن بنا کر کیچ آوٹ ہوئے۔پاکستان کی چھٹی وکٹ 126 رنز کے مجموعے پر گری، افتخار احمد 10 رنز بنا کر ٹم ساتھی کو کیچ دے بیٹھے۔اس دوران محمد رضوان نے 63 گیندوں پر 2 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، رضوان کے ساتھ محمد نواز 21 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن نے دو، دو وکٹیں جبکہ ایڈم ملن نے ایک وکٹ حاصل کی۔159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 8 رنز پر گری تھی، فن ایلن شاہین آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کو کیچ دے کر آوٹ ہوئے۔دوسری وکٹ 10 رنز کے مجموعے پر گری، ٹم سیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ول ینگ بھی شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے اور 4 رنز بنا کر محمد نواز کو کیچ دے بیٹھے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد ڈیرل مچل نے 72 اور گلین فلپس 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آوٹ رہے۔شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔کھیلے گئے چاروں میچز میں نیوزی لینڈ پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-4 سے کامیابی حاصل کرچکا ہے۔