کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ دینی لٹریچر کے فروغ اور کتب بینی کا شوق بڑھانے کیلئے تحریک محنت کا کردار ومحنت قابل تحسین ہے،کتاب دوستی انسان کے عقل وشعور مین اضافہ کرتی ہے، لٹریچر کسی بھی تحریک میں کارکنوں کی ذہن سازی اور مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں تحریک محنت پاکستان کے مرکزی صدر سید خالد حسین بخاری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا، اس موقع پر تحریک محنت سندھ کے صدر سید الطاف حسین زیدی، جنرل سیکریٹری محمد اسماعیل بھی ساتھ موجود تھے۔ تحریک محنت پاکستان کے صدر سید خالد حسین بخاری نے امیر صوبہ کو بتایا کہ ہمارا اصل ہدف کتب بینی کے ذریعے افراد سازی اور لوگوں کی دنیا وآخرت کو سنوارنا ہے،تحریک محنت کے تحت ملک بھر میں قائم ایک سو سے زائد مکتبوں کے ذریعے اورمختلف اداروں میں اسٹال لگاکرگزشتہ ایک سال میں ڈیڈھ کروڑ کتب فروخت کی گئی ہیں950ارکان اپنی اصلاح اور لوگوں کی لٹریچر کے ذریعے تربیت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، مہنگائی اور تیز ترین زندگی کی وجہ سے عمومی طور پر کتاب سے تعلق کمزور ہوگیا ہے اس کے باوجود تحریک محنت ملک بھر میں دینی لٹریچر کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہے۔
صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ اورسوشل میڈیاکی سہولت اپنی جگہ مگر کتاب وکاغذ کی اہمیت آج بھی اپنی جگہ برقرارہے ۔حکومت کو ایسے اداروں کی سرپرستی کرنی چاہئے جولوگوں کو کتاب سے جوڑنے کا کام کر رہے ہیں۔