اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی حکومت گرانے کے الزام میں سزا پانے والے سابق آرمی افسران کی جانب سے دائر کورٹ مارشل کیخلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو جواب جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دے دی۔
جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرانے کیلئے عدالت سے مزید وقت دینے کی استدعا کر دی جس پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کو جواب جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کا وقت دے دیا عدالت نے دفتر کو ہدایت کی ہے کہ اس کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔
درخواست گزار سابق کرنل آزاد منہاس نے زبانی استدعا کی کہ عدالت سماعت کی کوئی تاریخ مقرر کر دے،اس پر جسٹس عمر عطابندیال نے کہاکہ سپریم کورٹ تاریخ مقرر نہیں کرتی لکھ دیا ہے کہ جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے،درخواست گزار نے کہاکہ گزشتہ سماعت پر بھی حکومت نے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگا تھا،ہم 26 سال سے انصاف کیلئے دھکے کھا رہے ہیں،
اس پر جسٹس عمر عطابندیال نے کہاکہ کوئی بات نہیں ہم آپکو آرام سے سنیں گے آگے اللہ مالک ہے،یاد رہے کہ کرنل عنایت اللہ خان اورکرنل آزاد منہاس کو 1995 میں بے نظیر کی حکومت گرانے کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔