مظفر آباد(صباح نیوز)27اکتوبر تاریخ انسانی کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے ریاست جموں کشمیر پر غیر آئینی وغیر قانونی قبضہ کے لئے فوجیں داخل کی تھیں۔جموں و کشمیر کے عوام تب سے ہمیشہ اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اور اس جابرانہ قبضے کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین نے متحدہ جہاد کونسل کے ایک اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض حکمرانوں نے گزشتہ 74برسوں سے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانیت کیخلاف بدترین سرکاری دہشتگردی کا ارتکاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے انسانی ، سماجی، مذہبی اور سیاسی حقوق پامال کیئے۔ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ ریاست کو بندوق کے بل پرقبضے میں رکھ کرسفاکیت اور بربریت کی بدترین مثالیں قائم کیں ۔ سیدصلاح الدین نے کہا کہ قابض بھارتی حکومت نے پوری ریاست کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ 47 سے آج تک 5 لاکھ سے زائد نہتے شہریوں کو شہید کرکے اور ہزاروں بے گناہ افراد کو جیلوں میں قید کرکے گھر ، بازار اور بستیاں تاراج کرکے یہ کوشش کی گئی کہ کشمیری عوام اپنا حق آزادی مانگنے سے تائب ہوجائیں گے۔لیکن قابض بھارت کو ماضی میں بھی منھ کی کھانی پڑی،انشا اللہ حال اور مستقبل میں اسے ناکامی کا منھ دیکھنا پڑے گا۔ جہاد کونسل کے سربراہ نے بتہ دوریاں پونچھ میں مجاہدین کشمیر کے ایک مختصر گروپ کے ہاتھوں بھارت کے 60 ہزار فوجیوں کی ناکامی کو اللہ کی نصرت اور مدد قرار دے کر واضح کیا کہ بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور حقائق کا ادراک کرکے کشمیری عوام کی رائے کا احترام کرے،بصورت دیگر پھر صورتحال قابو سے باہر ہوگی اور جس کے نتائج کی زمہ داری صرف اور صرف اسی پر ہوگی۔سید صلاح الدین نے بٹھ دوریاں کے سرفروشوں کو پوری قوم کی طرف سے سلام عقیدت اور خراج تحسین پیش کیا ہے اور اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان کے نقش قدم پر چل کر آزادی کے حصول کیلئے قابض فورسز سے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رہے گی۔ اجلاس میں ہفتہ رفتہ کے شہدا کو خراج عقیدت ادا کیا گیا اور اس عزم کو دہرایا گیا کہ ہر محاذ پر جدوجھد جاری رہے گی۔