لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امید وار قومی اسمبلی حلقہ این اے 124 محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کا 7 فیصد کرے گی، طلبہ یونین بحال کریں گے۔ ہرڈویژن کی سطح پر خواتین کے لیے الگ سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی بنائیں گے۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوںنے گزشتہ روز انتخابی مہم کے سلسلے میں جے آئی یوتھ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ موجودہ استحصالی نظام نے نوجوان کو مایوس کیاہے۔ نوجوان رشوت اور سفارش کے بغیر نوکری نہیں حاصل کر سکتے۔ نوجوانوں کو جب تک ملازمت نہیں ملے گی، روزگار الائونس دیا جائے گا، سب ترقی یافتہ ممالک دے سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیںہوسکتا۔انہوںنے کہا کہ خوشحال مستقبل کے لئے سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے ۔ ملک کو جتنا نقصان انتقامی سیاست نے پہنچایا ہے اتنا کسی اور چیز نے نہیں پہنچایا ۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے صرف انتقامی سیاسی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ ملک وقوم کو آگے لے کر جانا ہے تو پہلے سیاسی استحکام کی طرف جانا ہو گا ۔ داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو حکمرانوں کی کرپشن نے تباہ اور اسے 77ہزار ارب کا مقروض کیا، حکمران قرضوں کا حساب دیں، روزانہ اربوں کی کرپشن ہوتی ہے، جماعت اسلامی کرپٹ افراد کے احتساب کو یقینی بنائے گی۔کیونکہ ہمارے پاس محب وطن اور ایماندار قیادت موجود ہے جو ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے ۔ محمدجاویدقصوری نے مزید کہاکہ حکمرانوں اور مافیاز کے گٹھ جوڑ سے قومی ادارے تباہ ہو گئے، ملک میں اسٹیٹس کو اور ایسٹ انڈیا کمپنی کا تسلسل ہے، وہ طبقات مسلط ہیں جن کے نام پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں آئے اور جنھوں نے توشہ خانہ اور ملک کے خزانے کو شیرِمادر سمجھ کر ہڑپ کیا، بینک لوٹے اور قرض معاف کرائے۔ قوم 8فروری کا دن لٹیروں کے لیے یوم حساب بنادے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی نے متعددبار حکومتیں کیں،مزید مسلط رہناچاہتی ہیں، عوام ووٹ ڈالتے وقت ان سب کی کارکردگی کو لازمی دیکھیں