دیرپائن(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے ضم شدہ قبائلی علاقوں کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، معدنیات، سیاحت اور باصلاحیت نوجوانوں کی نعمت سے مالامال صوبہ میں چاروںطرف غربت ناچ رہی ہے، خیبرپختونخوا کو سی پیک میں حصہ ملا نہ ہی سیلاب اور دہشت گردی سے شدید متاثر عوام کو کوئی ریلیف دیا گیا۔ دیر، چترال ایکسپریس لائن اور انڈسٹریل سٹی بنانے کی باتیں کاغذوں تک محدود رہیں۔ سابقہ حکومتوں نے کے پی کو محروم رکھا، مرکز نے صوبے سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر کے پی کے وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے گی، امن قائم کر کے خوشحالی اور ترقی کے دروازے کھولیں گے۔ بطور سابق فنانس منسٹر صوبے کو قرض فری بنایا، عوامی خدمت کی مثالیں قائم کیں۔ سیلاب کے دوران جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان کے پی میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف رہے جس کی عالمی سطح پر تحسین ہوئی۔ عوام 8فروری کو ترازو پر مہر لگا کر پُرامن ترقی یافتہ خیبرپختونخوا اور اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھیں۔ الیکشن قوم کے لیے اپنی حالت بدلنے کا بہترین موقع ہے، جماعت اسلامی صاف،شفاف اور شیڈول کے مطابق الیکشن چاہتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیرپائن کی تحصیل خال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوار صوبائی اسمبلی صاحبزادہ یعقوب اور رہنما جماعت اسلامی مولانا اسد اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ اسلامی ممالک مل کر غزہ کو محفوظ بنانے کے لیے اجتماعی اقدامات کریں، فلسطین کے عوام کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانا حکمرانوں کا فرض ہے۔ چار ماہ کے دوران صہیونی افواج نے غزہ میں ظلم اور سفاکیت کی تمام حدیں پار کر دیں اور انھیں کوئی روکنے والا نہیں، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ بدقسمتی سے پونے دو ارب مسلمانوں کی سلامتی کونسل میں کوئی مستقل نمائندگی نہیں، فلسطین میں جنگ بندی پر او آئی سی کی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں ہوا۔غزہ میں بچوں اور خواتین کو بے دریغ قتل کیا جا رہا ہے، اس نسل کشی پر مسلمان حکمرانوں کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے، اگر انھوں نے غزہ کے مسلمانوں کی عملی مدد نہ کی تو امت اور تاریخ انھیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اسلامی ممالک کے حکمران فلسطین فنڈ قائم کریں، امت کے جذبات کی حقیقی نمائندگی کی جائے۔
امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ظلم سے آزاد کرائے گی، ہم پاکستان کو اس قابل بنائیں گے کہ یہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ مضبوطی کر سکے اور امت کا حقیقی ترجمان بنے۔ ملک پر مسلط حکمران طبقے کے ہوتے ہوئے ایٹمی اسلامی پاکستان ایک مقروض ملک بن کر رہ گیا ہے، عوام مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں، نظریہ پاکستان سے انحراف کیا گیا، اسلامیان برصغیر کی قربانیوں کو بھلایا گیا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر نظریہ پاکستان کے مطابق ملک کی تشکیل کرے گی، قرآن و سنت کا نظام رائج کر کے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ بنائیں گے، سودی معیشت پر پابندی لگا کر زکوٰة اور عُشر کا نظام لاگو کیا جائے گا۔ ترازو امن، انصاف اور ترقی کی علامت ہے، عوام سے اپیل ہے کہ الیکشن میں جماعت اسلامی کی اہل اور ایمان دار قیادت کا انتخاب کرے۔