اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کے پسماندہ اور کچی آبادیوں میں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے ایس او ایس فاؤنڈیشن اور بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز (BECS)، وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، نے باہمی تعاون کے معاہدے (ایم او یو) پر دستخط کردیے ہیں. اس معاہدے کا بنیادی مقصد اسلام آباد کے دیہاتی علاقوں کے پسماندہ اور سہولیات سے محروم آوٹ آف سکولز بچوں کے لیے تعلیمی مواقع پیدا کرنے ہیں، جو مختلف سماجی و اقتصادی عوامل کی وجہ سے باقاعدہ اسکول نہیں جا سکتے۔
معاہدے پر دستخط ایس او ایس فاونڈیشن کی ڈائریکٹر نشاط فاطمہ اور BECS کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نابغہ نجیب ہاشمی نے معزز مہمانوں کی موجودگی میں کیے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل BECS حامد خان نیازی، ایئر وائس مارشل (ر) اعجاز محمود، میجر(ر) طارق محمود، ریاض جان اور عبدالسلام بھی شریک تھے، جنہوں نے اس تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔یہ معاہدہ ایس او ایس فاونڈیشن کو پسماندہ آبادیوں میں بچوں کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیے گئے تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور اپنا وسیع پیشہ ورانہ تجربہ استعمال کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ اسکول نہ صرف تربیت یافتہ اور باصلاحیت اساتذہ کی خدمات بلکہ جدید نصاب اور ضروری تعلیمی وسائل بھی فراہم کریں گے، جو ان بچوں کی ذہنی و علمی نشوونما میں اہم کردار ادا کریں گے۔
نشاط فاطمہ نے اس موقع پر کہا، یہ ایم او یو ہمارے اس مشن کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے جس کا مقصد پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے اور سماجی انصاف کی فراہمی ہے۔ ہم BECS کے ساتھ مل کر اسلام آباد کے آوٹ آف سکولز بچوں کو علم و ہنر سے روشناس کروانے اور انہیں معاشرے کا ایک فعال رکن بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ حامد خان نیازی نے کہا، کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تعلیم ہی ملکی ترقی کے لئے بنیادی اکائی ہے اور ہم اس عظیم کام میں ایس او ایس فاونڈیشن کے ساتھ شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم مل کر ان بچوں کے لیے علم کے دروازے کھولیں گے جو مختلف وجوہات کی بنا پر تعلیم سے محروم رہے ہیں۔یہ معاہدہ پاکستان میں تعلیمی عدم مساوات کے خاتمے کی جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ نہ صرف اسلام آباد کے تعلیم سے محروم بچوں کے لیے تعلیم کے دروازے کھولے گا بلکہ انہیں علم اور ہنر سے لیس کرکے معاشرے میں ایک قابل قدر کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔