پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان مجرمان کی واپسی کے معاہدے کا فیصلہ


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان مجرمان کی واپسی کے معاہدے کے حوالہ سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت خصوصی وزارتی کمیٹی کا اجلاس وزارت داخلہ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا برطانیہ کے ساتھ مجرمان کی واپسی کے معاہدے پر عوام کے بہترین مفاد میں دستخط کیے جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق معاہدے پر دستخط وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کئے جائیں گے۔جبکہ کمیٹی نے معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معاہدے کو کابینہ میں لے جانے سے قبل برطانیہ سے مزید مشاورت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے ساتھ مجرمان کی واپسی کے حوالہ سے مذاکرات کاآغاز 2019میں شروع ہو اتھا۔معاہدے کی روشنی میں دونوں ممالک کے اندر ایسے افراد جو اپنے، اپنے ملکوں کی شہریت رکھتے ہیںاورجرائم کے مرتکب ہوتے ہیں تو ان کو متعلقہ ملک ک حوالہ کیا جائے گا اور ایسا متعلقہ ملک کی درخواست پر کیا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق اگر کوئی پاکستانی شہری برطانیہ میں جرم کرتا ہے تواس کو پاکستان کی درخواست پر پاکستان کے حوالہ کردیا جائے گا جبکہ اگر کوئی برطانوی شہری پاکستان میں جرم کرتا ہے تواسے برطانیہ کی درخواست پر برطانیہ کے حوالہ کردیا جائے گا۔

دونوں ممالک ایک میکنرم کے تحت کام کریں گے، جب مجرم سزا پا کر جیلوں میں آئیں گے توان کو متعلقہ ملک کے حوالہ کردیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری،وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ اوراحتساب بیرسٹر مرزا شہزاد اکبر اور دیگر  اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔