اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بریل رسم الخط بصارت سے محروم لوگوں کیلئے خودمختاری، آزادی اور شمولیت کی علامت ہے،بریل رسم الخط کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرنا مساوی معاشریکی تشکیل کیلئے اہم قدم ہے ، عالمگیر رسائی کے لیے متحد ہونا کوئی اعزاز نہیں بلکہ ہمارے اجتماعی عزم کا عکاس ہے ۔
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعرات کو بریل رسم الخط کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ بینائی سے محروم افراد کی علم تک رسائی بہتر بنانے کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے بریل رسم الخط کا دن منا یا جارہا ہے ،بریل لمس پر مبنی رسم الخط سے کہیں بڑھ کر ہے،بصارت سے محروم افراد کی رسائی بڑھانے کی جانب پاکستان کی ترقی پسند کوششوں کو سراہتا ہوں، لوئس بریل کی ایجاد نے بینائی سے محروم لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدلیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بریل خواندگی اور رسائی بڑھانے کی جانب قابل ذکر عزم کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ بینائی سے محروم افراد کیلئے مراکش معاہدے کی توثیق کی ہے،مراکش معاہدے سے بینائی سے محروم افراد کو بریل رسم الخط، آڈیو اور بڑے پرنٹس میں لاکھوں کتابوں تک رسائی میں مدد ملے گی،تعلیمی اداروں اور لائبریریوں میں بریل رسم الخط شامل کرنے کیلئے اہم اقدامات لیے گئے،پاکستان نے جامع ماحول کے لیے جدید تربیتی پروگرام شروع کیے ہیں ،بریل رسم الخط سے پاکستان تعلیم، ادب، تربیت اور بحالی کے مواقع تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم معذوری کے حامل افراد کے حقوق کے فروغ کے عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں، یقین ہے کہ مل کر ہم ایسی دنیا بنا سکتے ہیں جہاں رکاوٹیں دور ہوں ، سب کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر ہوں۔