سیول(صباح نیوز)جنوبی کوریا میں اپوزیشن لیڈر لی جائے مائے یونگ پر قاتلانہ حملہ کردیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بیوسن شہر میں نئے ایئر پورٹ کے دورے کے بعد وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے کہ اس دوران ایک شخص نے ان کی گردن پر چاقو گھونپ دیا۔ رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد 59 سالہ لی جائے مائے یونگ زمین پر گر گئے جس کے بعد کئی لوگ ان کی مدد کو آگے بڑھے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق لی جائے مائے یونگ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی عمر 50 سے 60 سال کے درمیان ہے اوروہ آٹوگراف لینے کے بہانے اپوزیشن رہنما کے قریب آیا۔
لی جے کو ایک ترقیاتی منصوبے میں بطور میئر مبینہ طور پر رشوت لینے کے الزام میں مقدمے کا سامنا ہے جبکہ انہوں نے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ لی جے میونگ اگست 2022 سے مرکزی اپوزیشن پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے آئندہ پارلیمانی انتخابات رواں سال اپریل میں ہوں گے۔