کراچی (صباح نیوز)کراچی کے ضلع غربی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 244 سے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کاغذاتِ نامزدگی درست قرار پائے ۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے انتخابی عمل آگے بڑھ رہا ہے عوام کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک نہیں پہنچے، ریکارڈ توڑ بے روزگاری ہے، معاشی بحران تشویش ناک صورتِ حال اختیار کر رہا ہے۔ فاروق ستار نے کہا ہے کہ اصل مسئلہ عوام نے یہ رکھا ہے کہ پاکستان کو آئندہ کس طرح چلانا ہے، ہماری بصیرت کو مسلم لیگ( ن)نے سراہا، اتفاق کیا اور یہ طے کیا کہ اگر اللہ نے موقع دیا تو آئین میں ترامیم کا کام ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے طے پایا ہے کہ مل جل کر آگے بڑھنا ہے، عوام کی خدمت کرنی ہے، جی ڈی اے کی تمام جماعتوں سے ہمارے رابطے ہیں، ملاقاتیں ہیں۔ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ دوسرے لوگ ہمارے ساتھ نہیں چلے تو ہمارے لئے آگے ان کے ساتھ چلنا مشکل ہو گا۔