ملتان(صباح نیوز)ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 149 سے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لئے گئے۔اس بات کا اعلان متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کیا گیا ۔ریٹرننگ آفیسر کے مطابق مخدوم جاوید ہاشمی کے این اے 149 سے کاغذاتِ نامزدگی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد منظورکئے گئے ۔
دریں اثنا جاوید ہاشمی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ این اے 149 کے لوگوں کے سامنے جھولی پھیلاؤں گا۔ انہوں نے عام انتخابات کے بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فری اینڈ فیئر الیکشن نہیں مذاق ہے ، الیکشن جیسے بھی ہیں، ہمیشہ پراسس کا حصہ بنتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بڑی پارٹی ہے، ان کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔میرا کسی سے مقابلہ نہیں،سب کے پاس وسائل ہیں۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں کسی کے خلاف پراپیگنڈا کمپین نہیں چلاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے مجھے زیادہ معاشی نقصان پہنچایا۔