لاہور(صباح نیوز)لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیا سے متاثرہ افراد کا رش بڑھ گیا۔
اس حوالے سے سربراہ صوبائی پبلک ہیلتھ لیب ڈاکٹر حسنین جاوید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتا لوں میں نمونیا سے متاثرہ افراد کا رش بڑھ گیا، نزلہ، زکام، بلغمی کھانسی کا بر وقت علاج نہ ہونے سے نمونیا وبا کی شکل اختیار کر رہا ہے۔سربراہ صوبائی پبلک ہیلتھ لیب نے کہا ہے کہ نمونیا سے بچے اور بزرگ زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر حسنین جاوید کے مطابق دل، گردے، شوگر اور جگر کے مریض قوتِ مدافعت کم ہونے کے باعث نمونیا کا شکار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ شہری سانس لینے میں دشواری پر فوری طور پر سینے کا ایکسرے اور خون ٹیسٹ کروائیں۔سربراہ صوبائی پبلک ہیلتھ لیب نے کہا کہ بیماری کی صورت میں گرم مشروبات اور نیم گرم پانی کا استعمال زیادہ کریں۔ڈاکٹر حسنین جاویدنے کہا کہ خشک سردی اور سموگ کے باعث نمونیا زیادہ پھیل رہا ہے۔سربراہ صوبائی پبلک ہیلتھ لیب نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان 13 ممالک میں ہوتا ہے جہاں نمونیا ہر سال ہوتا ہے۔