راولپنڈی (صباح نیوز)سیاحوں کو مری میں داخلے کی مشروط اجازت دیدی گئی، راولپنڈی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں روزانہ صرف 8 ہزار گاڑیاں داخل ہوسکیں گی، شام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان داخلہ ممنوع ہوگا۔
گاڑیوں کی پابندی سے فوج، مری اور آزاد کشمیر کے رہائشیوں کو استثنا ہوگا، حد سے زیادہ گاڑیوں کو روکنے کی ذمہ داری چیف ٹریفک آفیسر مری کی ہوگی،یاد رہے کہ مری میں شدید برف باری کے بعد کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہنے والی گاڑیوں میں بچوں اور خواتین سمیت 23 اموات ہوئی تھیں۔
ان اموات کے بعد پنجاب حکومت نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے جو مختلف پہلوں سے معاملے کا جائزہ لے کر تجاویز حکومت کو دے گی۔
انکوائری کمیٹی کو سات دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔