شیخ رشید اور راشد شفیق کے کاغذات نامزدگی منظور


راولپنڈی (صباح نیوز) عام انتخابات 2024ء کیلئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد اور شیخ راشد شفیق کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ۔

سابق وزیرداخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ میں سابقہ حکمران اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے خلاف عوام میں جائوں گا، تمام مدمقابل میرے لئے قابل احترام ہیں۔ راولپنڈی میں شیخ رشید اور شیخ راشد کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

بعدازاں شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج حلقہ 56میں میرے اور راشد شفیق کے کاغذات منظور ہوگئے ہیں، میں پی ڈی ایم کے خلاف عوام میں جائوں گا۔انہوں نے کہا کہ 17بار وزیر رہا ہوں، کرپشن کا کوئی چارج نہیں لگا، میں ایک ماہ کیلئے الیکشن مہم چلائوں گا، 6فروری کو صرف ایک جلسہ کروں گا، اس الیکشن میں جو مقابل ہیں وہ سارے قابل احترام ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرے مقابل 44امیدوار ہیں، زندگی میں 6سے 7تو دیکھے تھے 44نہیں دیکھے، اللہ کو منظور ہوا تو حلقہ 56 بھی جیتیں گے اور 57بھی ، سب ہمارے عزیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں قلم دوات کے نشان پر الیکشن لڑرہا ہوں، یکم جنوری سے الیکشن مہم شروع کررہا ہوں، میں 3پروجیکٹ تیار کروں گا، نالہ لئی،ماں بچہ ہسپتال اور ڈھوک دلال کالج مکمل کرائوں گا، میں نے 60تعلیمی ادارے تعمیر کرائے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے بدمعاشیاں اور قبضہ مافیا کو ختم کیا ہے، 56اور57دو حلقوں میں الیکشن لڑنے جارہے ہیں، ہم نہ بکنے والے ہیں نہ جھکنے والے ہیں، میں نسلی اوراصلی ہوں ،غدار نہیں ہوں، راولپنڈی کی ترقی کیلئے جان دے دوں گا ۔