کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ اہل کراچی جماعت اسلامی کے تحت 6اکتوبر کو 3بجے سہ پہر ”الاقصی ملین مارچ ”میں بھرپور شرکت کریں اوراپنی فیملی کے ہمراہ شاہراہ فیصل پہنچیں ، ہم اہل غزہ و فلسطین اور لبنان کے لوگوںکو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایمانی قوت اور صبر سے ثابت کردیا ہے کہ جنگیں ایمان اور جذبہ جہاد سے لڑی جاتی ہیں۔جماعت اسلامی پورے ملک کے عوام سے اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی اوراسرائیل کے خلاف احتجاج کی اپیل کررہی ہے۔ عوام 7اکتوبر کو 12بجے دن سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کریں،مغرب اور انسانی حقوق کی بات کرنے والی تنظیمیں اوراقوام متحدہ غزہ میں انسانی نسل کشی پر خاموش کیوں ہیں؟۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو جماعت اسلامی کے تحت غزہ پر اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی وجارحیت کے ایک سال پورے ہونے ، لبنان پر حملے اور اہل غزہ وفلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 6اکتوبر کو ہونے والے عظیم الشان وتاریخی ”الاقصی ملین مارچ ”کے سلسلے میں قائم مرکزی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
منعم ظفر خان نے شہریوں کو ”الاقصیٰ ملین مارچ ” میں شرکت کی دعوت دی اور ہینڈبلز تقسیم کیے ۔ اس موقع پر نائب امیر کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے ۔ علاوہ ازیں منعم ظفر خان کی قیادت میں وفد نے مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی دفتر میں کراچی کے صدر علامہ صادق حسین جعفری سے ملاقات کی اور الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی ۔علامہ صادق جعفری نے ”الاقصیٰ ملین مارچ ” کی بھرپور حمایت و تائید کرتے ہوئے شرکت کی یقین دہانی کروائی ۔وفد میں نائب امیر کراچی مسلم پرویز، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری شامل تھے ۔ ملاقات میں مجلس وحدت المسلمین کے پولیٹیکل سکریٹری علامہ مبشر حسین بھی موجود تھے ۔دریں اثناء ”الاقصی ملین مارچ ”کے سلسلے میں جمہ کو شہر بھر میں بڑی شاہراہوں ،چورنگیوں اور اہم پبلک مقامات پر 100سے زائد کیمپ قائم کردیے گئے ،کیمپوں پر اہل غزہ سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم وجارحیت کے حوالے سے دستاویزی فلمیں ، نظموں اور ترانوں کے علاوہ شہریوں میں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے ، اور الاقصی ملین مارچ کی دعوت دی گئی ، کیمپ ہفتہ 5اکتوبر بھی لگے رہیں گے ،
علاوہ ازیں ملین مارچ کی تیاریوں اور مارچ کو بھرپور اور کامیاب بنانے کے لیے شہر بھر میں رابطہ عوام مہم بھی شروع کردی گئی ہے ، جمعہ کو نماز کے بعد مساجد کے باہر ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے ، اور عوام کو مارچ کی دعوت دی گئی ، جبکہ علماء کرام اور آئمہ مساجد نے بھی نماز جمعہ کے خطبات اور تقاریر میں اسرائیل کی دہشت گردی وجارحیت کی مذمت کی اور اہل غزہ و فلسطین سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں کی فتح و کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں کیں ۔منعم ظفر خان نے کیمپ پر خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ گزشتہ ایک سال سے غزہ میں انسانی نسل کشی کی جارہی ہے۔ اسرائیل غزہ میں دہشت گردی امریکہ کی پشت بانی میں کررہا ہے۔ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ سمیت 45 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ غزہ وفلسطین کی طرح لبنان میں بھی بمباری شروع کردی گئی ہے۔لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ سمیت ایک ہزار سے زائد لوگوں کو شہید کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کا کام ساری اقوام کے درمیان امن مہیا کرنا تھا لیکن اقوام متحدہ نے سوائے قراردادیں پاس کرنے کے کچھ نہیں کیا۔ گزشتہ ایک سال سے اقوام متحدہ میں صرف تقریریں ہوئیں لیکن عملا کچھ نہیں ہوا۔او آئی سی اور عرب لیگ کس مرض کی دوا ہے، انہوں نے تو اب اجلاس بلانا بھی چھوڑ دیا ہے۔ 40 ممالک کی افواج کہاں ہیں، راحیل شریف کہاں ہیں؟ ،مغرب کے حکمران ایک طرف اور عوام دوسری طرف ہیں۔مغرب کے عوام بھی اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ ہیں اور اپنے حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ #