اسلام آباد(صباح نیوز)آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل اتوار کو اختتام پذیر ہو جائے گا ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے مطالبے اور امیدواروں کی سہولت کے لیے آئندہ عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں اتوار تک توسیع کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال25 دسمبر سے 30 دسمبرتک کی جائے گی۔کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں اگلے ماہ کی 3 تاریخ تک دائر کی جا سکتی ہیں جن کا فیصلہ 10 جنوری تک کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری کرے گا، امیدوار 12 جنوری تک کاغذات واپس لے سکتے ہیں۔انتخابی نشانات 13 جنوری کو الاٹ کیے جائیں گے اور عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔